لیگی کارکنان پرعزم ، دوبارہ حکومت بنائیں گے، فاروق حیدر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لیگی کارکنان کے عزم سے عیاں ہورہا ہے کہ پہلے سے زیادہ اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائیں گے، اقتدار اللہ رب العزت کی طرف سے ہے ،جب تک وہ چاہے گا ،رکھے گا۔حکومت میں آئے تو بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، ریاستی خزانہ خالی، سسٹم تباہی کی طرف جارہا تھا، اللہ کے فضل اور اس کی نصرت سے تمام چیلنجز پر قابو پایا،
مسلم لیگ ن کی حکومت کا ماضی کی کسی حکومت سے تقابلی جائزہ نہیں کیا جاسکتا، ہم نے تمام حلقوں یکساں بنیادوں پر بلا تخصیص فنڈز دیے، میرٹ کے ذریعے بھرتیاں کیں تاکہ اہل اور با صلاحیت لوگ سسٹم میں آئیں، صاف و شفاف پی ایس سی کے ذریعے غریب لوگوں کے بچے اپنی اہلیت و صلاحیت کی بنیاد پر اعلی عہدوں پر تعینات ہوئے ، ہیلتھ، انفراسٹرکچر اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں اصلاحات لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی سپیکر سردار عامر الطاف، ایڈ منسٹر یٹر ضلع کونسل سردار محمد حفیظ، چیئرمین ضلع زکوة کونسل شکیل اعوان کی قیادت میں ملنے والے مسلم لیگ ن ہجیرہ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ہجیرہ کے وفد نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شاندار اقدامات اٹھانے بالخصوص ہجیرہ کی تعمیر و ترقی پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ لیگی کارکنان نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں دوبارہ حکومت بنائیں گے اور سردار عامر الطاف کو پہلے سے زیادہ اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔اس پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران عوام کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا، حکومت میں آنے کے بعد جو اہداف مقرر کیے تھے ان کو پورا کیا۔ ہجیرہ سمیت آزاد کشمیر کے ہر علاقے میں عوامی ضرورت کیمطابق ترقیاتی منصوبے لگائے گئے۔