سونے اور ہیرے کی قیمت کو مات دیتا ہوا ‘مہنگا ترین’ کیلا
دنیا میں سب سے زیادہ سونے اور ہیرے کو قیمتی سمجھا جاتا ہے جو لاکھوں، کروڑوں روپے مالیت کے حامل ہوتے ہیں لیکن جب ایک کیلا ہی 900 سو پاؤنڈز سے زائد میں ملنے لگے تو پھل کھانے کے شوقین یقیناً سوچ میں پڑ جائیں گے۔
برطانوی شہر نوٹنگھم سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون بوبی گورڈن کے ساتھ ایسا ہی انوکھا واقعہ پیش آیا، جب انہوں نے اپنے لیے سپر مارکیٹ سے دیگر سامان کے ساتھ ایک کیلا بھی آرڈر کیا۔
بوبی گورڈن کے آرڈر پر ان کے گھر کیلا تو آگیا لیکن ان کے کریڈٹ کارڈ سے ساڑھے نو سو پاؤنڈز یعنی 1 لاکھ 45 ہزار سے زائد پاکستانی روپے چارج کیے گئے جس پر بوبی دنگ رہ گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے بل دیکھا تو وہ حیران رہ گئیں لیکن پھر ان کے شوہر اور انہوں نے سوچا کہ شاید غلطی سے یہ بل بھیجا گیا ہے تاہم جب پیسے چارج ہونے کا میسج موصول ہوا تو وہ چراغ پا ہوگئیں اور فوراً ہی سپر مارکیٹ کے اس فراڈ پر شکایت کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بی بی سیکو مینشن کرتے ہوئے ایسڈا سپر مارکیٹ کو مخاطب کیا اور اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘کیا ایک کیلے کے آن لائن ڈیلیوری چارجز 930 پاؤنڈز ہوتے ہیں؟میں تو ڈیلیوری میسج دیکھ کر دنگ رہ گئی ہوں’۔
@AsdaServiceTeam @BBCNottingham My online delivery arrived. I’ve been charged £930.11 for 1 banana? I am going to be pretty livid if my card has been charged over £1k that my delivery note states!?! #asda #wtf #nottingham pic.twitter.com/czeUOxAUpR
— AnotherMum (@bobbiesgordon) April 17, 2018
دوسری جانب بل کی رقم دیکھ کر کریڈٹ کارڈ کمپنی کے فراڈ ڈپارٹمنٹ نے ادائیگی روک دی اور سپر مارکیٹ سے فوری رابطہ کیا۔
سپر مارکیٹ ٹیم نے اس معاملے پر نظر ثانی کی جس کے بعد ان کے ترجمان نے اپنے بیان میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل ’کمپیوٹر کی غلطی‘ تھی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ ہمارے اسٹور کے کیلے شاندار ہیں لیکن اتنے قیمتی بھی نہیں۔