ڈپٹی قونصل جنرل جناب شائق احمد بھٹو کی جدہ میں فوڈیکس 2019 نمائش کے افتتاحی اجلاس کے دوران گفتگو
جدہ ( بیورو رپورٹ ) ڈپٹی قونصل جنرل جناب شائق احمد بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات میں پچھلے کچھ سالوں میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین معاشی سرگرمیاں مزید بڑھ رہی ہیں۔ وہ جدہ میں فوڈیکس 2019 نمائش کے افتتاحی اجلاس کے دوران گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فوڈیکس نمائش میں 15 پاکستانی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں ، جو سعودی مارکیٹ میں پاکستانی برآمد کنندگان کے لئے بڑھتی دلچسپی اور مواقع کو ظاہر کرتی ہیں۔ گذشتہ سال نو پاکستانی کمپنیوں نے فوڈیکس میں حصہ لیا تھا۔نمائش کا افتتاح پرنس فہد بن مقرن بن عبد العزیز آل سعود نے کیا۔شائق بھٹو نے بتایا
کہ اس تقریب میں شریک پاکستانی کمپنیاں چاول ، مصالحے ، چٹنی ، پروسیسڈ فوڈ ، پراٹھا اور تندوری اشیاء ، مشروبات ، بیکری اور کنفیکشنری مصنوعات کے حوالے سے بڑی برآمدی کمپنیاں ہیں۔پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب میں کھانے پینے کی اشیا کی بڑھتی ہوئی طلب
، پاکستانی کمپنیوں کو سعودی مارکیٹ میں اپنی جگہ بڑھانے اور جارحانہ مارکیٹنگ کے ذریعے مارکیٹ شیئر بڑھانے کے لئے نادر موقع فراہم کرتی ہے۔ چونکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے ، اور اس کی 70 فیصد سے زیادہ برآمدات زرعی اور ٹیکسٹائل پر مبنی ہیں ، لہذا اس میں سعودی عرب کی حلال فوڈ مارکیٹ میں اپنی جگہ حاصل کرکے اپنی برآمدات میں اضافہ کرنے کی
بہت زیادہ صلاحیت ہے۔ سعودی عرب اس وقت اپنی خوراک اور مشروبات کی ضرورت کا 80 فیصد سے زیادہ درآمد کرتا ہے۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، پاکستان قونصلیٹ کے تعاون سے جدہ سنٹر برائے تقریبات جدہ میں فوڈیکس نمائش کے 7 ویں ایڈیشن میں شریک ہے۔
نمائش 11-14 نومبر 2019 تک جاری رہے گی۔ نمائش میں پاکستان کا پویلین قائم کیا گیا ہے۔ قونصلیٹ کے کمرشل سیکشن نے پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں کا سعودی کمپنیوں سے بالمشافہ ملاقات کا اہتمام کیا ہے تاکہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جاسکے۔