غزہ پر اسرائیل کی بمباری جاری، 583 بچوں سمیت 1800 سے زائد فلسطینی شہید
غزہ پر اسرائیل کی بمباری جاری، 583 بچوں سمیت 1800 سے زائد فلسطینی شہید
غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری ساتویں روز بھی جاری ہے جس میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 1800 ہوگئی ہے جب کہ 6 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی بمباری میں شہید 1800 فلسطینیوں میں سے 583 معصوم بچے ہیں ۔
وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں زخمیوں کی تعداد 6 ہزار 388 سے تجاوز کرگئی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی خالی کرنےکے لیے 24 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے اور فضا سے غزہ میں پمفلٹ پھینکے گئے ہیں جن میں لکھا ہےکہ اپنےگھر فوری چھوڑ دو اور غزہ کےجنوب میں چلے جاؤ۔
اقوام متحدہ نے غزہ سے شہریوں کے انخلا کا الٹی میٹم واپس لینےکا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہےکہ اسرائیلی الٹی میٹم کے تباہ کن نتائج ہوں گے، اسرائیل یو این شیلٹر اور اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی شہریوں کو نشانہ نہ بنائے۔
اس پر حماس نے غزہ نہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے اور اپنے بیان میں ترجمان خالد قدومی نے کہا ہےکہ غزہ کے فلسطینی 1948 کی طرح دوبارہ مہاجرین نہیں بنیں گے، غزہ کے شہریوں کا حوصلہ توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں بےگھر افراد کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور نے فلسطینیوں کی انسانی امداد کے لیے اپیل کی ہے، فلسطینیوں کی فوری ضروریات کے لیے 29 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ضرورت ہے۔