نیب نے نوازشریف اور شاہد خاقان کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی
اسلام آباد: نیب نے سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام پر انکوائری کی منظوری دے دی۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کےمطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔
نیب اعلامیے کے مطابق نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، دونوں شخصیات نے قواعد کے برخلاف من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں کا نقصان ہوا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اس انکوائری میں بطور سابق وزیر پیٹرولیم شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے میاں نوازشریف کو جاتی امرا میں سڑک کی غیر قانونی تعمیر کے معاملے پر بھی طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے