ایون فیلڈ ریفرنس: نوازشریف کی فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لیے دائر درخواست کو کل سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جسے سنانے کے لیے 6 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جب کہ نوازشریف نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے
جیونیوز کےمطابق نوازشریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل ظافر خان کے توسط سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لیے باضابطہ درخواست دائر کردی ہے۔
نواشریف نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہےکہ وہ اس ٹرائل کا حصہ رہے ہیں اور مسلسل عدالت آتے رہے لیکن اچانک صورتحال تبدیل ہوئی اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبعیت شدید خراب ہوگئی۔
درخواست میں کہا گیاہےکہ جب سنا کہ احتساب عدالت فیصلہ سنانے جارہی ہے تو پاکستان جانے کے لیے ڈاکٹرز سے مشورہ کیا، ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی طبعیت میں بہتری تک نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مجبوری کے باعث 6 جولائی کو پاکستان نہیں آسکتے، جیسے ہی اہلیہ کی طبعیت بہتر ہوگی پاکستان آئیں گے لہٰذا کچھ دن کے لیے فیصلہ مؤخر کیا جائے۔
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج کی درخواست پر سماعت سے معذرت
دوسری جانب رجسٹرار احتساب عدالت ایاز حسن زبیری نے نوازشریف کی درخواست آنے پر جج محمد بشیر سے فون پر رابطہ کیا۔
رجسٹرار کا کہنا تھاکہ درخواست ہم خود ہی وصول کرتے ہیں لیکن ہائی پروفائل کیس کی وجہ سے جج سے رابطہ ضروری ہے۔
اس موقع پر نوازشریف کے وکیل ظافر خان نے کہا کہ ابھی درخواست صرف دائر کی گئی ہے، اس پر سماعت کل کی جائے۔
رجسٹرار آفس کی ہدایت پر عدالتی عملے نے نواز شریف کی درخواست وصول کرکے ڈیوٹی جج کو بھجوادی۔
جج محمد بشیر کی چھٹی کے باعث احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک کے پاس درخواست گئی تو انہوں نے سوال کیا کہ یہ درخواست میرے پاس کیوں لے آئے ہیں؟ جج محمد ارشد ملک نے درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی اور درخواست واپس احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر کو بھجوادی۔
ڈیوٹی جج ارشد ملک نے درخواست کو کل ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کا بھی حکم دیا جس کے بعد نواشریف کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
واضح رہےکہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز بھی زیر سماعت ہیں۔