سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد فروخت سے متعلق (نیب) کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسحاق ڈار کی جائیداد نیلام ہوگی یا نہیں؟ احتساب عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا
احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد فروخت سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر سماعت کی جس کے بعد اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
یاد رہے کہ 27 ستمبر کو نیب نے احتساب عدالت میں درخواست جمع کراتے ہوئے استدعا کی تھی کہ اسحاق ڈار مفرور ہیں ان کی پاکستان میں موجود تمام جائیدادیں فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔
28 ستمبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر نیب نے اسحاق ڈار کی قرق شدہ جائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائیں جس کے مطابق سابق وزیرخزانہ کے دبئی میں 3 فلیٹس، گلبرگ لاہور میں ایک گھر اور اسلام آباد میں چار پلاٹس ہیں۔
نیب کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاس پاکستان میں 6 گاڑیاں ہیں جن میں لگژری گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
نیب نے عدالت کو بتایا تھا کہ بیرون ملک تین کمپنیوں میں اسحاق ڈار شراکت دار بھی ہیں جب کہ میاں بیوی نے ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے