وزیراعظم عمران خان کا نوجوانوں کیلئے قومی پالیسی لانے کا فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم نے نوجوانوں کیلئے قومی پالیسی لانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ عثمان ڈار کو امور نوجوانان کیلئے اپنا معاون خصوصی بھی مقرر کردیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے انہیں اپنا معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز مقرر کیا جب کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے عثمان ڈار کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے قومی پالیسی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ چند روز میں نیا پاکستان یوتھ پروگرام لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جب کہ قومی پالیسی اور یوتھ پروگرام کی تیاری کا ٹاسک عثمان ڈار کو سونپا گیا ہے، عثمان ڈار نیا پاکستان یوتھ پروگرام اور یوتھ پلس پورٹل کی تیاری کریں گے۔
اس موقع پر عثمان ڈار نے بطور معاون خصوصی تنخواہ وصول نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں قومی خزانے پر بوجھ نہیں بنوں گا۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ پر نہیں بلکہ نوجوانوں پر پیسہ خرچ کریں گے، وزیراعظم کے ساتھ مل کر نوجوانوں کا با اختیار بنائیں گے۔
جب کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عثمان ڈار نوجوانوں سے متعلق پالیسی کے لیے بہترین انتخاب ہیں، نوجوانوں کا حکومت سازی میں کردار نہیں بھول سکتا، نوجوان ساتھ نہ دیتے تو حکومت میں نہ ہوتے، ہم نوجوانوں کو ایسی سہولیات دیں گے جو آج سے پہلے نہیں ملیں۔
واضح رہےکہ عثمان ڈار کا تعلق سیالکوٹ سے ہے انہوں نے عام انتخابات 2018 میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے مقابلے میں الیکشن لڑا تھا اور شکست کھائی۔