میرے وقت ڈالرپوچھے بغیر 10 پیسے بھی اوپرنہیں جاتا تھا: نواز شریف 91

میرے وقت ڈالرپوچھے بغیر 10 پیسے بھی اوپرنہیں جاتا تھا: نواز شریف

میرے وقت ڈالرپوچھے بغیر 10 پیسے بھی اوپرنہیں جاتا تھا: نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت ہر چیز کی متحمل ہو سکتی ہے ماسوائے موجودہ حکومت کے، میرے وقت ڈالر پوچھے بغیر دس پیسے بھی اوپر نہیں جاتا تھا۔

نواز شریف نے احتساب عدالت میں نیب ریفرنس کی سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت میں وقفے کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دنیا 2013 سے 2017 تک ہماری معیشت کو مضبوط اور متوازن کہتی تھی اور ہمارے دور میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں توازن رہا اور جب 2017 میں گھر گیا تو دہشت گری ختم ہوگئی تھی۔

نواز شریف نے حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا اگر یہ کہتے ہیں ہم نے ڈالر کو مصنوعی طریقے سے برقرار رکھا تو یہ بھی رکھ لیں، ڈالر کی قیمت برقرار رکھنے کا مصنوعی طریقہ ہے کیا اور کیا سی این جی اسٹیشن پر قطاریں ہوتی تھیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کو کس جرم میں اندر رکھا ہوا ہے، کوئی تو پوچھے احتساب کس طرح ہو رہا ہے، نیب جس طرح ہے اسی طرح رہنا چاہیے، ہم تو بھگت چکے ہیں باقی بھگتیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا نیب عمران خان کے ہیلی کاپٹر اور ان کے باقی خاندان کے ذرائع آمدن کا بھی احتساب کرے، ہمارا تو ذرائع آمدن کا ریکارڈ 1937 سے موجود ہے، ہم سیاست میں آنے سے پہلے زیادہ خوشحال تھے اور سیاست میں آنے کے بعد پریشانیوں میں اضافہ ہوا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم سے پوچھتے ہیں 1999کے بعد باہر کیوں گئے، پرویز مشرف نے جلا وطن کیا تھا خود مرضی سے نہیں گئے تھے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پہلی بار کراچی سے الیکشن لڑا اور فیصل واوڈا صرف چار پانچ سو ووٹوں سے کامیاب ہوئے اور وہ بھی آپ کو پتہ ہے فیصل واوڈا کیسے جیتے، فافن رپورٹ دیکھ لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں