کیمرہ مین پر تشدد: نواز شریف کے 2 گارڈز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
سماء ٹی وی کے کیمرا مین واجد علی شاہ پر تشدد کرنے والے 2 سیکیورٹی گارڈز کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سماء ٹی وی سے وابستہ کیمرہ مین واجد علی، نواز شریف کی پارلیمنٹ سے روانگی کی فوٹیج بنا رہا تھا کہ سابق وزیراعظم کے گارڈز نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، جسے بے ہوشی کی حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد صحافیوں نے پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک پر احتجاجی دھرنا دے کر بلاک کردیا جبکہ تشدد کرنے والے ایک گارڈ کو پکڑ کر پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کے حوالے بھی گیا گیا، تاہم دوسرا گارڈ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسری جانب متاثرہ کیمرہ مین کی درخواست پر اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں واقعے کا مقدمے بھی درج کرلیا گیا ہے، جس میں نواز شریف کے 3 سیکیورٹی گارڈز کو نامزد کیا گیا ہے۔
نواز شریف کے 2 گارڈز محسن اور منصف کو جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
تاہم، نواز شریف کے سیکیورٹی انچارج شکور کو ابھی تک پولیس نے گرفتار نہیں کیا ہے۔
عدالت نے دو گرفتار گارڈز کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
دوسری جانب شکور کی ضمانت قبل ازوقت گرفتاری جب کہ محسن اور منصف کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں بھی دائر کر دی گئی ہیں۔
نواز شریف نے بھی اپنے گارڈز کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین پر تشدد کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔