109

الیکشن کے ذریعے سلیکشن نے پاکستان سے دنیا کا اعتماد اٹھا دیا: احسن اقبال

الیکشن کے ذریعے سلیکشن نے پاکستان سے دنیا کا اعتماد اٹھا دیا: احسن اقبال

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کے ذریعے سلیکشن نے پاکستان سے دنیا کا اعتماد اٹھا دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ معیشت تباہ ہو رہی ہے، ترقی کی شرح بھی گھٹ گئی ہے جب کہ سرمایہ مارکیٹ سے ضائع ہو چکا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5.8 فیصد تھی جو اب کم ہو کر 3.8 فیصد پر آ گئی ہے، جس ملک میں ترقی کی شرح میں 2 اعشاریے کم ہو جائیں تو وہاں لاکھوں افراد بے روز گار ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کا صرف اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی پر زور ہے، حکومت کو صرف اپوزیشن کی پگڑی اچھالنا اور قومی اسمبلی کو ڈی چوک بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کو الگ الگ صوبہ بنایا جائے اور اس حوالے سے ن لیگ نے آئینی ترمیمی بل جمع کرا دیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب کے نعرے پر الیکشن لڑا تھا، اب دیکھتے ہیں حکومت کیا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ہیجان کی کیفیت ہوتی ہے، وہاں کوئی ملک سرمایہ کاری کے لیے نہیں آتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبہ بنانے کے لیے سنجیدہ ہے تو ہم غیر مشروط تعاون کے لیے تیار ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کے ذریعے سلیکشن نے دنیا سے پاکستان کا اعتماد اٹھا دیا ہے۔

ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، معیشت ٹوئٹ سے نہیں عملی اقدامات سے چلتی ہے: شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کو یوٹرن ماسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ہر بات پر یوٹرن لے لیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، جون میں بجٹ پیش ہو گا تو عجلت میں اس وقت بجٹ کیوں پیش کیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورت حال سب کے سامنے ہے، معیشت ٹوئٹ سے نہیں عملی اقدامات سے چلتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم احتساب کے لیے تیار ہیں، اگر پاکستان کے مسائل کا حل احتساب میں ہے تو ہم سے شروع کریں، احتساب مجھ سے اور میرے دور کی کابینہ سے شروع کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پورا پاکستان عمران خان کو سیلکٹڈ وزیراعظم کہہ رہا ہے، اگر میرٹ ہوتا تو عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ الزام کاجواب الزام ہی ہوتا ہے، آپ ایک الزام لگائیں گے تو ہم دس لگائیں گے۔

رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ یہ لوگ گیس کے میٹر بھی میرٹ پر نہیں دے سکتے، گیس کے میٹر بھی اس بنیاد پر لگ رہے ہیں کہ کون کس جماعت سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں