اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے والا ہی نوبل انعام کا حق دار ہوگا۔
گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دیا جائے جس کے لیے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ NobelPeacePrizeForImranKhan# ٹرینڈ کر رہا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے ہفتے کے روز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرار داد جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ عمران خان نے کشیدگی کم کرنے کے لیے دانش مندانہ کردار ادا کیا اور انہوں نے مہارت کے ساتھ اس صورتحال کو امن کی جانب موڑ دیا، امن کے لیے خدمات پر وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دیا جائے
وزیراعظم عمران خان نے اس پر آج اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ‘میں نوبل انعام کا حقدار نہیں، نوبل پرائز کا وہ حق دار ہوگا جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے گا’۔وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر میں انسانی ترقی اور امن کو راستہ د ینے والا نوبل پرائز کا صحیح اہل ہوگا۔