کمانڈ کی تبدیلی کی الگ الگ تقاریب آج پاکستان نیوی ڈاکیارڈ اور پی این ایس بہادر میں منعقد ہوئی 125

کمانڈ کی تبدیلی کی الگ الگ تقاریب آج پاکستان نیوی ڈاکیارڈ اور پی این ایس بہادر میں منعقد ہوئی

کمانڈ کی تبدیلی کی الگ الگ تقاریب آج پاکستان نیوی ڈاکیارڈ اور پی این ایس بہادر میں منعقد ہوئی

اسلام آباد(رپورٹ:نوید ملک): وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کمانڈر کراچی اور وائس ایڈمرل آصف خالق نے کمانڈر پاکستان فلیٹ کے فرائض سنبھال لئے، کمانڈ کی تبدیلی کی الگ الگ تقاریب آج پاکستان نیوی ڈاکیارڈ اور پی این ایس بہادر میں منعقد ہوئی۔ فرائض سنبھالنے پر وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کراچی میں پاک بحریہ کے تمام تربیتی اداروں کے کمانڈر ہوں گے۔ جب کہ وائس ایڈمرل آصف خالق اب پاک بحریہ کے بحری جہازوں، فاسٹ اٹیک کرافٹز ، آبدوزوں اور فضائی اثاثوں کے آپریشنل کمانڈر ہوں گے۔

وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی 1983میں پاک بحریہ میں شامل ہوئے۔ اعزازی شمشیر کا حامل ہونے کے علاوہ ایڈمرل اپنے شاندار کیرئیر میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کی مختلف تقرریو ں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے پی این ایس بہادر ،پی این ایس طارق اور اٹھارویں تباہ کن بحری بیڑے کی کمانڈ کی ، وہ پی این ایس بہادر اور پاکستان نیوی وار کالج لاہور کے کمانڈانٹ بھی رہے۔ ان کی ممتاز سٹاف تقرریوں میں نیول ہیڈ کوارٹرز کے اندر ڈائریکٹر نیول آپریشنز ، چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری ،

ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جینس ، ڈپیٹی چیف آف نیول اسٹاف ( ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن) اور چین میں چیف نیول اوور سیئرکی ذمہ داریاں شامل ہیں۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں ۔

انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے ہلال امتیاز(ملٹری) اور ستارئہ بسالت جبکہ حکومت فرانس کی طرف سے شیولئیر (نائٹ) تمغے سے نوازا جاچکاہے۔ کمانڈر کراچی کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے ایڈمرل کمانڈر پاکستان فلیٹ کے فرائض ادا کر رہے تھے۔ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مزار قائد کا دورہ کیا، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتح ادا کی۔

وائس ایڈمرل آصف خالق 1983میں پاک بحریہ سے وابستہ ہوئے وہ اسٹاف تقرریوں کے وسیع تجربے کی بنیاد پر ممتاز کیرئیر کے مالک رہے۔ ان کی نمایاں تقرریوں میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس بابر ، پی این ایس خیبر ، کمانڈانٹ پی این ایس بہادر،

ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جینس اور اٹھارویں تباہ کن بحری بیڑے کی کمانڈ بھی شامل ہے۔ وہ کمانڈر ٹاسک فورس 150کے سربراہ بھی رہے۔ ان کی نمایاں اسٹاف تقرریاں نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیول وار فیئر اینڈ آپریشنل پلانز، اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف(ُپلانز)، پرنسپل سیکرٹری چیف آف دی نیول اسٹاف اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن) شامل ہیں۔ انہوں نے پیرس میں پاکستان کے بری اور بحری اتاشی کے فرائض بھی سر انجام دیے۔ وہ پاکستان

نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے ہلال امتیاز (ملٹری )اور حکومت فرانس کی طرف سے نیشنل آرڈر آف میرٹ سے بھی نوازا گیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ کے فرائض سنبھالنے سے پہلے وہ کمانڈر کراچی کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

تبدیلی کمانڈ کے دوران دونوں ایڈمرلز کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا اور ان کی یونٹس کے کمانڈنگ آفیسرز سے تعارف بھی کرایاگیا۔ تقاریب میں پاکستان بحریہ کے آفیسرز، سی پی اوز سیلرز اور سویلینز کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں