106

اپوزیشن جماعتوں نے سیاسی حکمت عملی کیلئے بیٹھک سجا لی

اپوزیشن جماعتوں نے سیاسی حکمت عملی کیلئے بیٹھک سجا لی

افطار ڈنر میں آصف زرداری، لیاقت بلوچ، محسن داوڑ اور حاصل بزنجو بھی شریک ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد: ملکی معاشی صورت حال اور حکومت کے خلاف حکمت عملی پر غور کے لیے اپوزیشن جماعتیں وفاقی دارالحکومت میں جمع ہو گئی ہیں۔ 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو افطار ڈنر کی دعوت دی گئی ہے۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے افطار ڈنر میں جمعیت علماء اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی اور پی ٹی ایم رہنما شریک ہیں۔

فوٹو: سوشل میڈیا

مسلم لیگ ن کا وفد شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہے، دیگر رہنماؤں میں مریم نواز، حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب اور ایاز صادق شامل ہیں۔

مریم اور بلاول بھٹو افطار ڈنر میں موجود ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ذرائع کا بتانا ہے کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کے درمیان ون آن ون ملاقات متوقع نہیں ہے۔ 

جماعت اسلامی کا وفد لیاقت بلوچ کی سربراہی میں افطار ڈنر میں موجود ہے جب کہ اے این پی کے ایمل ولی خان، زاہد خان اور میاں افتخار حسین بھی افطار ڈنر میں موجود ہیں۔

اس کے علاوہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ، حاصل بزنجو، جہانزیب جمالدینی، محسن داوڈ اور علی وزیر بھی افطار ڈنر میں شرکت کے لیے زرداری ہاؤس میں موجود ہیں۔

‘کرپٹ ٹولہ اکھٹا ہو رہا ہے، بلاول اور مریم کے افطارڈنر پر ملنے پر حیرت نہیں’

محمود اچکزئی افطار ڈنر میں شریک نہیں ہوں گے

پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر میں شریک ہونا تھا تاہم ان کی کوئٹہ سے اسلام آباد کی پرواز چھوٹ گئی تھی جس کے باعث محمود خان اچکزئی کی جگہ سینیٹر عثمان افطار ڈنر میں شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستانی عوام ان لوگوں کی چالوں کو سمجھتے اور عمران خان کے ساتھ ہیں: فردوس عاشق

مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایک طرف حق اور سچ اور دوسری طرف جھوٹ ہے، یہ لوگ کس منہ سے عوام کی بات کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان لوگوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ لوگ ہی قوم کو مقروض کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام ان لوگوں کی چالوں کو سجھتے ہیں، پاکستانی عوام عمران خان اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

مریم نواز نے حمزہ کو سائیڈ لائن کر دیا

وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ن لیگ شریفوں کی ذاتی جائیداد تک محدود ہو گئی ہے۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ شریف خاندان میں میرٹ کا تصور تک موجود نہیں ہے، حمزہ شہباز کی 20 سالہ سیاسی جدوجہد ضائع ہو گئی، مریم نواز نے حمزہ کو سائیڈ لائن کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں