یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری
اسلام آباد(رپورٹ فائزہ شاہ کاظمی) آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ماہانہ 50 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت 121 روپے فی یونٹ برقرار رکھی گئی ہے جب کہ ماہانہ 100 مکعب میٹر گیس کے استعمال پر فی یونٹ گیس کی قیمت 127 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کردی گئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق ماہانہ 200 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ گیس کی قیمت 264 روپے سے
بڑھا کر 553 روپے جب کہ ماہانہ 300 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ 275 روپے سے بڑھا کر 738 روپے کی گئی ہے۔اسی طرح ماہانہ 400 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ گیس کی قیمت 780 روپے سے بڑھا کر 1107 روپے، ماہانہ 400 مکعب میٹر گیس سے زائد گیس استعمال پر گیس کی قیمت 1460 روپے برقرار رکھی گئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق کھاد کارخانوں کے لیے بطور فیڈ گیس کی قیمت میں 61 فیصد جب کہ بجلی کارخانوں، سی این جی اور جنرل انڈسٹری کیلئے تمام شعبوں میں گیس کی قیمت 31 فیصد بڑھائی گئی ہے۔