لہتراڑ روڈ پر برما پُل کی تعمیر کا کام جاری نالے پر حفاظتی دیوار اور دیگر کام کو بھی ساتھ ساتھ مکمل کیا جائیگا
اسلام آباد( فائزہ شاہ کاظمی بیوروچیف) لہتراڑ روڈ پر برما پُل کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ پُل کے بوسیدہ حصے کو منہدم کرنے اور جیو ٹیکنیکل انوسٹی گیشن کی تکمیل کے بعد پُل کی ٹیسٹ پائلنگ پر کام شروع کیا جا چکا ہے۔سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں برم پل کی تعمیر سے متعلقہ تمام کام ایک ساتھ کیے جار ہے ہیں۔
اس ضمن میں جیو ٹیکنیکل انوسٹی گیشن کی تکمیل کے بعد ٹیسٹ پائلینگ پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس امر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے کہ ٹیسٹ پائلنگ کے کام کے ساتھ ساتھ پل کے گریڈر کاسٹنگ کا کام بھی شروع کیا جائے جبکہ نالے پر حفاظتی دیوار اور دیگر کام کو بھی ساتھ ساتھ مکمل کیا
جائیگا۔مزید برآں منہدم شدہ حصے کے ملبے سے قیمتی سامان اور نا قابل استعمال چیزوں کو الگ الگ کر نے کے بعد ایک باقاعدہ سٹاک رجسٹر بنایا گیا ہے اور قیمتی سامان کی نیلامی کے لیے منظوری حاصل کی جارہی ہے۔منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ موئثر نگرانی کے لیے سائٹ پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ منصوبے پر جاری
کام کے حوالے سے پراگریس رپورٹ باقاعدگی کے ساتھ جمع کرائی جائے۔لہتراڑ روڈ پر تعمیر کیا جانے والا برما پل152 میٹر لمبا11.5 میٹر چوڑا ہو گا۔ پُل کی تعمیر سے جہاں لہتراڑ روڈ پر ٹریفک کے مسائل کو ختم کرنے میں مدد ملے گی وہاں علاقے کے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد حاصل ہو گی۔