سی ڈی اے کا تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی بیورو چیف اسلام آباد) سی ڈی اے نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کر کے بری امام کے علاقے میں 570 دکانیں، شیڈ اور تندور مسمار کر دیئے۔ یہ آپریشن سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کیا جبکہ ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے اس آپریشن میں معاونت کی۔ آپریشن کا آغاز مسلم کالونی روڈ کی طرف سے کیا گیا۔
آپریشن میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کرنے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی گئی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے بری امام دربار کی دیوار کے ساتھ بنائی گئی دکانوں کو گرا دیا گیاجبکہ بری امام کے بازار میں سرکاری اراضی پر کی جانے والی تعمیرات کو بھی مسمار کر دیا۔ بعد ازاں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بری امام کے علاقے میں یونیورسٹی روڈ پر آپریشن کر کے محلہ ججار تک روڈ کے دونوں اطراف اور فٹ پاتھوں پر کی گئی
تجاوزات کو ختم کیا۔ اس آپریشن میں 230 دکانوں، 315 شیڈز کے علاوہ 25 تندور وں کو ھیوی مشینری کے ساتھ مسمار کر کے قیمتی سرکاری اراضی واگذار کرالی کیونکہ ان تجاوزات کے باعث نہ صرف دربار پر آنے والوں کو مشکلات کا سامنا تھا بلکہ ان غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے ٹریفک جام رہتی تھی اور مقامی لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پٹرتا تھا۔
دریں اثناء سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن I- کے عملے نے آئی سی ٹی بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشننز2005ء کے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سیکٹر G-6 میں شاپنگ مال سیو مارٹ (Save Mart) کو سر بمہر کر دیا ہے
۔
سرکاری اراضی پر قائم کی گئی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے علاوہ بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سی ڈی اے کا یہ آپریشن جاری رہے گا۔