سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر ای 12کی سروس روڈ(نارتھ) کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی بیوروچیف اسلام آباد( سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر E-12 کی سروس روڈ(نارتھ) کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا ہے اور اتوار کے دن سے کنٹریکٹر کو تمام مشینری موبلائز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سروس روڈ (نارتھ) کا باقاعدہ کام شروع کر دیا جائے۔
سی ڈی اے کی ہدایت پر کنٹریکٹر نے سیکٹر E-12 میں سائیٹ آفس بنا لیا ہے اور اتوار سے مشینری موبلائز کرنے کے بعد اگلے چند دنوں میں کام شروع ہو جائے گا۔
سیکٹر E-12 کی سروس روڈ(نارتھ) کی تعمیر کا ٹینڈر 12 ستمبر2019 ء کو اخبارات میں دیا گیا تھا جس کے جواب میں 16 فرموں نے حصہ لیا اور سب سے کم لاگت دینے والی تعمیراتی فرم کو کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا گیا۔
کنٹریکٹ حاصل کرنے والی فرم نے سب سے کم لاگت 97.107ملین روپے دی جسے منظور کر لیا گیا۔ کنٹریکٹ کے مطابق کنٹریکٹر نہ صرف پوری سروس روڈ(نارتھ) دو رویہ تعمیر کرے گا بلکہ اس سڑک میں آنے والے کلورٹس اور ڈرینج کا مکمل کام بھی کنٹریکٹر کرے گا۔ اسلام آباد کے سیکٹر E-12 کی سروس روڈ(نارتھ)کی تعمیر کا پہلا مرحلہ ہے
کیونکہ سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی(CDA-DWP) کی 45 ویں میٹنگ میں سیکٹر E-12کی مکمل ڈیویلپمنٹ کا 6630.2ملین روپے کا PC-Iپہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے جس کے تحت سیکٹر E-12 کا تمام انفراسٹرکیچر، روڈ نیٹ ورک، واٹر سپلائی سسٹم پورے سیکٹر کا ڈرینج سسٹم، سٹریٹ لائٹیس اور دیگر تمام بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔
واضح رہے
کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے گذشتہ کئی دھائیوں سے تعطل کے شکار سیکٹر E-12 کی ڈویلپمنٹ کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے نہ صرف ضروری قواعد و ضوابط کو مکمل کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے 6630.2 ملین روپے کا PC-I منظور کیا بلکہ مسلسل اور موئثر کاوشوں کے باعث سروس روڈ نارتھ کی تعمیر کو بھی ممکن بنایا جس کی تعمیر کا کام اگلے چند دنوں میں شروع کر دیا جائے گا۔