پاک بحریہ اور انڈونیشین بحریہ کی مشترکہ بحری مشق سی تھنڈر کا اختتام
اسلام آباد ( نوید ملک سٹی رپورٹر) پاکستان نیوی اسپیشل سروس گروپ اور انڈونیشین نیوی اسپیشل آپریشن فورسزکے مابین مشترکہ مشق سی تھنڈر IV- 2019کا اختتام ہوگیا ہے۔پاکستان اور انڈونیشیا کی بحریہ کے مابین ہونے والی مشترکہ مشق سی تھنڈر ہر سا ل منعقد کی جاتی ہے۔ مسلسل سات روز تک جاری رہنے والی حالیہ مشق اسی سلسلے کی چوتھی بحری مشق تھی۔
مشق کے اہم مقاصد میں مضبوط عسکری تعلقات ، اسپیشل آپریشن فورسز کے مابین روابط اورباہمی آپریشنل تیاری میں بہتری، پیشہ ورانہ مہارت کا تبادلہ اور شریک فورسز کے مابین انسداد دہشت گردی آپریشنز کے تجربات کا تبادلہ شامل تھا۔مشق کے دوران میری ٹائم انسداد دہشت گردی
آپریشنزکے تحت بحیرہ عرب میں میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشن کیے گئے۔مشقوں کا اختتام بحیرہ عرب میں مشتر کہ وِزٹ بورڈ سرچ اور سیزر آپریشنز کے شاندار مظاہرے سے ہوا جس میں پاک بحریہ کے بحری جہازوں ، سی کنگ ہیلی کاپٹرز، اسپیشل فورسز بوٹس اور شریک پاک بحریہ اورانڈونیشین بحریہ کی ایس او ایف ٹیموں نے حصہ لیا۔
بحری مشق سی تھنڈرپاک بحریہ اور انڈونیشین بحریہ کے درمیان مضبوط عسکری تعاون کی عکاس ہے۔ مشترکہ مشق کے دوران حاصل کیا گیا پیشہ ورانہ تجربہ باہمی طور پر سود مند رہا اور دو برادرانہ بحری افواج کے مابین دو طرفہ تعاون میں فروغ کا باعث ہوگا