مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا ایڈمنسٹریٹر مقرر
اسلام آباد (( نوید ملک سٹی رپورٹر )) مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا گیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق زاہد حسین کاظمی کی بطور ایڈمنسٹریٹر تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے
۔ نوٹیفکیشن مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی کی جانب سے جاری کیا گیا جس کے بعد مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے بطور ایڈمنسٹریٹر مرکزی سیکرٹریٹ ذمہ داریاں سنبھال لیں اور مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی کی زیرصدارت مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران سے ابتدائی ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر ارشد داد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد اور مرکزی سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے میں مرکزی سیکرٹریٹ اور اسکے ذمہ داران کا کردار تاریخی حیثیت کا حامل ہے
کیونکہ اللہ پاک نے تحریک انصاف کو بے لوث، وفاشعار اور محنتی کارکنان کی دولت سے مالا مال کیا ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ زاہد حسین کاظمی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ انشاءاللہ پارٹی اور حکومت کے مابین پل کا کردار ادا کرے گا۔
مرکزی نائب صدر و ایڈمنسٹریٹر مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان تحریک انصاف زاہد حسین کاظمی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اعتماد دینے اور اہم ذمہ داری سونپنے پر چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی خصوصاً وزیراعظم عمران خان کا شکرگزار ہوں۔
انکا کہنا تھا مرکزی سیکرٹریٹ کارکنان اور عوام کی یکساں انداز میں خدمت یقینی بنائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو منظم سیاسی ادارہ بنانے کے وزیراعظم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مرکزی سیکرٹریٹ کی ٹیم اپنا بھرپور حصہ ڈالے گی، انشاءاللہ۔