چیف آف دی نیو ل اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی قطری وزیر اعظم،چیف آف اسٹاف، نیول چیف سے ملاقات
اسلام آباد ( نوید ملک سٹی رپورٹر ) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی قطر کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے قطری وزیراعظم، قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور قطری امیری بحریہ کے کمانڈر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ پاک بحریہ کے سر براہ نے قطری نیول تنصیبات بشمول میری ٹائم وار فیئر اور ٹریننگ سینٹر ، غانم بن محمد غانم اکیڈمی اور الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کادورہ بھی کیا۔
وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصیر بن خلیفہ التھانی اور قطری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) غانم بن شاہین الغانم سے ملاقات کے دوران علاقائی سیکورٹی و استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ عسکری تعاون پر بات چیت کی گئی۔ معزز شخصیات نے مضبوط دو طرفہ دفاعی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور متنوع عسکری شعبوں میں باہمی روابط میں مزید اضافے پر اتفاق کیا۔
راس ابو عبود نیول بیس آمد پر کمانڈر قطر امیری نیول فورس میجر جنرل عبداللہ حسن الصُلیتی نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
ملاقات کے دوران علاقائی سیکورٹی کے مسائل ، باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ معاملات بشمول دو طرفہ بحری تعاون پر بات چیت کی گئی۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول اور مشترکہ میری ٹائم فورسز میں شرکت
کے ذریعے میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا ۔کراچی میں منعقدہ کثیرا لملکی میری ٹائم مشق امن-19 میں قطر ی بحری فورسز کی شرکت پر نیول چیف نے میجر جنرل عبداللہ حسن کا شکریہ ادا کیا۔
قطری نیول چیف نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکورٹی کے سلسے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا اور دو طرفہ مضبوط بحری اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ نیول چیف کو قطر ی نیول فورسز کے کردار پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔ نیول چیف نے میری ٹائم وار فیئر و تربیتی مرکز اور غانم بن محمد غانم اکیڈمی کا بھی دورہ کیا جہاں آمد پر نیول چیف کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔
ایڈمرل کو بحری تنصیبات کے دورے کے موقع پربریفنگز بھی دی گئیں۔ بعد ازاں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے قطری میڈیا نیٹ ورک الجزیرہ کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر میڈیا ہاوس اور میڈیا کے دیگر افراد سے ملاقات کی۔ قطر دورے کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بر بریت،
کشمیریوں کی حالتِ زاراور کشمیریوں کی حق وانصاف کی جدوجہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں معزز شخصیات کو آگاہ کیا۔ نیول چیف کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے مابین بالعموم دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات میں مزید اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔