زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی جانب سے ایگریکلچرل ایکسٹینشن ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کا اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی) زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی جانب سے ایگریکلچرل ایکسٹینشن ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کے26 اراکین پر مشتمل وفدنے زرعی ترقیاتی بینک فارم اسلام آباد کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر بینک کے افسران نے نہایت گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا۔
زرعی ترقیاتی بینک کے شعبہ ایگریکلچر ٹیکنالوجی کے ہیڈ محمد عارف نے وفد کو کسانوں کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے اور معیشت کو فروغ دینے سے متعلق بینک کے ویژن اور مشن کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس کے بعد وفد کے اراکین نے زرعی ترقیاتی بینک کے ایگریکلچر ٹیکنالوجی ایکسپو ہال کا بھی دورہ کیا
جہاں انہیںوسیع پیمانے کی زرعی مشینری جس میں زمین کو قابل کاشت بنانے اجناس کو ذخیرہ کرنے کے آلات خاص طور ریزڈ بیڈ مشینری پربریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ وفد کو سبزیوں کی پیداوار،
کچن گارڈننگ، مشروم کی کاشت ، شہد کی مکھیاں پالنے، باغبانی اور فارم مینجمنٹ سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔آخر میں زرعی ترقیاتی بینک کی زراعت کے شعبہ میں خدمات کے حوالے سے ایگریکلچرل ایکسٹینشن ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کے وفد کے سربراہ ممتاز حسین جندن نے کہا
کہ زرعی ترقیاتی بینک فارم جدید تقاضوں کے مطابق ایک اچھی کاوش پر مبنی فارم ہے۔ جو جدیدٹیکنالوجی پر مشتمل آلات سے لیس ہے اور زراعت کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی بینک کی زراعت کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سندھ کے اندر بھی متعارف کروایا جائے گا۔ وفد کے تمام اراکین نے ملک میں زراعت کے فروغ کے لئے زرعی بینک کی جانب سے جدید طریقوں کو اپنانے اور کسانوں تک بہم پہنچانے پر بینک کی خدمات کی تعریف کی۔