وزارت انسانی حقوق نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور ذہنی صحت کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دی
اسلام آباد (فائزہ شاہ کاظمی بیورو چیف) وزارت انسانی حقوق نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور ذہنی صحت کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ وزارت انسانی حقوق کی طرف جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے تناؤ اور اضطراب کی کیفیت کے خاتمہ کیلئے شہری اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
گائیڈ لائنز کے مطابق اس ماحول میں اپنے آس پاس کے لوگوں کی ذہنی اور نفسیاتی فلاح و بہبود کا خیال رکھیں، جھوٹی خبریں اور افراتفری نہ پھیلائیں اور ہمیشہ اپنے ذرائع سے تصدیق کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے
کہ وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن نمبر 1099 پر اگر آپ کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو کسی قسم کے تشدد کا شکار ہے تو فوری اطلاع دیں۔ اس کے علاوہ اپنے دوستوں رشتہ داروں کا خیال رکھیں،
خاص طور پر جو ڈپریشن، اضطراب یا کسی اور بیماری کا شکار ہیں۔ گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ وائرس سے متاثرہ افراد سے متعلق غلط باتیں نہ کریں، افواہیں نہ پھیلائں اور انہیں بدنام نہ کریں۔ اس کے علاوہ کسی بھی نسل، قومیت یا مذہب کو وائرس سے منسلک نہ کریں