سی ڈی اے نے اسلام آباد میں تمام ترقیاتی منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کر دیا
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی بیورو چیف) سی ڈی اے نے اسلام آباد میں تمام ترقیاتی منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ تمام منصوبوں کی سائیٹس پر ترقیاتی سرگرمیاں شروع ہو گئیں ہیں
جن کی رفتار کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔ منگل کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ تمام ترقیاتی منصوبو ں پر کام کے باقاعدہ اجراء کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت کے دوران ہی مکمل کیا جائے۔
قبل ازیں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر تمام ترقیاتی منصوبو ں پر کام کو روک دیا گیا تھا تاہم اب لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث سی ڈی اے انتظامیہ نے
تمام منصوبوں پر بلا تاخیر ترقیاتی کام دوبارہ شروع کر دیئے ہیں۔اس ضمن میں سی ڈی اے نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران شاہراہ دستور پر پیدل چلنے والے پل کی تعمیر کا آغاز کرنے کے علاوہ G-7/G-8 انڈر پاس پر تعمیراتی کام کا بھی دوبارہ آغاز کیا۔
جس کے بعد مزید چند دنوں میں تمام منصوبوں پر ترقیاتی سرگرمیاں شروع کر دیں گئیں۔ جن منصوبوں پر دوبارہ کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ان میں 100 بستروں پر مشتمل کیپٹل ہسپتال کے اضافی بلاک کی
تعمیر، لہتراڑ روڈ پر برما پل کی تعمیر، سروس روڈ E-12 کی تعمیراور پارک انکلیو I میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل شامل ہیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور تعمیراتی فرموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تعمیراتی کاموں کے دوران کرونا وائرس سے متعلقہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔