حکومت کا پانی کی تقسیم میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے جدیدترین ٹیلی میٹری نظام نصب کرنے کافیصلہ
اسلام آباد ( فائزہ شاہ کاظمی سے)حکومت نے پانی کی تقسیم میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے جدیدترین ٹیلی میٹری نظام نصب کرنے کافیصلہ کیاہے۔اطلاعات ونشریات کے وزیرشبلی فرازنے اسلام آباد میں وزیراعظم عمرا ن خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق صحافیوں کوآگاہ کرتے ہوئے
کہاکہ کابینہ نے صوبوں کے لئے پانی کے حصے پرتفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہاکہ کابینہ نے ارسا کے سندھ، پنجاب اوروفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے ارکان کے خلاف ان کی خراب کارکردگی
پرتحقیقات کرانے کافیصلہ کیاہے اوراگرالزامات درست پائے گئے تو ان کی جگہ قابل اوردیانتدارافرادکولایاجائے گا جو ٹیلی میٹری نظام کو شفاف طریقے سے چلانایقینی بنائیں گے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی منظوری دی جن کے تحت آزادجموں وکشمیرکے لئے گندم کی خریداری اورموبائل فون مینوفیکچرنگ پرپچاس فیصد اعانت کی اجازت دی گئی ہے۔
شبلی فرازنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان زرعی شعبے پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں کیونکہ یہ شعبہ کوروناوائرس کے بحران کے بعدقومی معیشت کو مستحکم کرسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ کابینہ نے زرعی شعبے کے لئے خصوصی پیکج کی منظوری دی۔وفاقی وزیرنے کہاکہ کھادوں پر37ارب روپے کی اعانت دی جارہی ہے
جبکہ سود کی شرح میں کمی کے لئے آٹھ ارب اَسی کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کپاس کے بیج کے لئے دو ارب تیس کروڑ روپے ،کپاس کی ادویات کے لئے چھ ارب روپے اورملک کے اندرتیارہونے والے ٹریکٹرزکے لئے دوارب پچاس کروڑ ڈالر کی اعانت فراہم کی جارہی ہے۔