صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کو بجٹ اجلاس کے لئے پارلیمانی معاملات بہترین انداز میں چلانے پر مبارکباد
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کو ٹیلی فون کیا اوربجٹ اجلاس کے لئے پارلیمانی معاملات بہترین انداز میں چلانے پر مبارکباد دی۔گفتگو کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ رائٹ کیلئے قانون سازی پر بھی بات چیت کی گئی۔
اتوار کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی شفاف ووٹنگ سسٹم پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں, فیصلہ سازی میں شامل کیا جانا چاہئیے, وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو بہت جلد پورا کرنے جا رہے ہیں۔
متعلقہ وزارت اور اداروں سے مشاورت مکمل کر لی ہے, بہت جلد قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ میں تجاویز پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے کاز کے لئے جدو جہد کی، بحثیت صدر آپ پارلیمنٹ کا حصہ ہیں۔ اس معاملے میں پارلیمنٹ کی رہنمائی کریں,پارلیمنٹ کے سیشن سے صدر کے خطاب پر اظہار تشکر کی قرار داد پر بھی گفتگو کی گئی۔صدر مملکت نے پارلیمانی معاملات شفاف انداز میں چلانے کے عمل کو سراہا