حکومتیں معاشرے سے جنسی تشدد جیسے خوفناک جرم کے خاتمے کے لئے کوشش کرتی ہیں اور ہماری حکومت بھی کوشش کر رہی ہے:ڈاکٹر شیریں مزاری
اسلام آباد (فائزہ شاہ کاظمی سے) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے ”تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کے عالمی دن” کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومتیں معاشرے سے جنسی تشدد جیسے خوفناک جرم کے خاتمے کے لئے کوشش کرتی ہیں اور ہماری حکومت بھی کوشش کر رہی ہے،
لیکن جب حکومت خود جنسی تشدد کا استعمال پالیسی کے طور پر کرتی ہے تو وہ قابل مذمت ہے جس طرح قابض بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرتی آئی ہے۔شیریں مزاری نے کہا کہ آج تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کا عالمی دن ہے جبکہ بھارت عصمت دری کو مقبوضہ کشمیر میں جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا آرہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ23 فروری 1991 کا شرمناک واقعہ اس کی ایک بھیانک مثال ہے جب بھارتی فوج نے کونان اور پوش پورہ کے گاؤں میں اجتماعی زیادتی کی تھی جو کہ اب عالمی سطح پر بھی ڈاکومنٹڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت جو ہندوتا کے نظریے کی بالادستی کے لئے کوشاں ہے وہ بھی مقبوضہ کشمیر میں جنسی تشدد کو جاری رکھے ہوئے ہے