پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے درمیان مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیلئے اجلاس
اسلام آباد ( فائزہ شاہ کاظمی ) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے درمیان مویشیوں کی پیداواری بہتری کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کے لئے ایک آن لائن اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی جانب سے چیئر مین عبدالکریم پراچہ نے پی اے آرسی صدر دفاترمیں ہونے والے اس اجلاس میں آن لائن شرکت کی جہاں ڈاکٹر محمد عظیم خان ، چیئر مین پی اے آرسی کی صدارت میں معاہدے کے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر مرتضی حسن اندرابی ، ڈائریکٹر ، اینمل سائنسز انسٹی ٹیوٹ ، این اے آرسی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر محمد عظیم خان نے اس موقع پر بتایا کہ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یاداشت دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جس کی رو سے پی اے آر سی مویشیوں کی بہتری کے سلسلے میں انڈس اسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک کے ساتھ شراکت دار بن جائے گا اورمویشی پرور کسانوں کے مویشیوں کی پیداوار کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا نیز سائنسی طریقہ سے انکی افزائش میں بہتری کے لئے باہم مل کر قابل عمل اقدامات کئے جائیں گے۔مویشیوں کی بہتر پیداوار سے کسانوں کا روزگار بہتر ہوگا اور غربت میں کمی آئے گی جس کے نتیجے میں بہترغذائیت کے ذریعہ کسانوں کی صحت کی صورتحال بہتر ہوگی۔اس کے علاوہ جانوروں کی منافع بخش پیداوار کے بارے میں مویشی پروری کرنے والے کسانوں میں شعور اجاگر کرنا بھی مفاہمتی یاداشت میں شامل ہیں ۔
اس موقع پر انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے چیئر مین عبدالکریم پراچہ نے چیئرمین پی اے آر سی ، ڈاکٹر عظیم خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے لیے آمادگی ظاہر کی اور انہوں نے پی اے آر سی کی ملکی زرعی شعبے کی ترقی کے لیے کی جانے والی خدمات کی بھی تعریف کی۔