حکومت نے عدالتی فیصلہ نہ مانا تو ان کا حال یوسف رضا گیلانی جیسا ہوگا: شاہ محمود
حکومت نے عدالتی فیصلہ نہ مانا تو ان کا حال یوسف رضا گیلانی جیسا ہوگا: شاہ محمود
پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے عدالتی فیصلہ نہیں مانا تو ان کا حال یوسف رضا گیلانی جیسا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت نے دباؤ ڈالا، دھمکیاں دیں، اعلیٰ عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، عمران خان نے کہا ہے مریم نواز ان کی ٹیم کی 12ویں کھلاڑی ہیں، مریم نواز اپنے بیانات سے اپنی جماعت کیلئے مشکلات پیدا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج عدالت نے نظریہ ضرورت کو دفن کردیا، سازشی قوتوں کو زندہ درگور کردیا، نظریہ ضرورت کے پیروکاروں کو شکست ہوگئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ملک میں آئینی اور غیر آئینی قوتوں کے درمیان لکیر واضح ہوگئی ہے، وہ عمران خان کے نمایندے کی حیثیت سے شفافت انتخابات کیلئے سب کو بات چیت کی دعوت دیتے ہيں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد نہيں کرسکتی ، صرف نظرثانی کی اپیل کرسکتی ہے، سپریم کورٹ ہی اپنا فیصلہ تبدیل کرنے کی مجاز ہے، کابینہ اسے تبدیل نہيں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو چاہیے کہ سیاسی سمجھ بوجھ والے مشیروں سے مشورہ کریں ، آج آئین کی فتح ہوئی ہے، الیکشن نوے دن میں ہی ہوگا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔