Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔

امریکی سفارتکار کو سفارتی استثنا کے سبب گرفتار نہیں کیا گیا۔ موٹر سائیکل سوار کو کچلنے والی گاڑی امریکی سفارت خانے کے ائیر ڈیفنس اتاشی جوزف ایمانوئل چلا رہے تھے۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے، واقعے کا مقدمہ جاں بحق نوجوان عتیق کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی کی گاڑی نے دامن کوہ کے قریب موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ حادثے کے وقت امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی خود گاڑی چلا رہے تھے اور گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا گیا ہے تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث سفارتکار کو گرفتار نہیں کیا گیا۔


[c5ab_image c5_helper_title=”” c5_title=”” url=”http://www.fsmedianetwork.com/fsmedianetwork_uploads/2018/04/islamabad-news.jpg” class=”” width=”9999″ height=”9999″ link=”” caption=”” type=”popup” link=”” align=”center” ]


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کو پمز اسپتال منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور امریکی سفارت خانے کو بھی حادثے کی اطلاع کر دی گئی ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی سفارتکار نے سگنل بند ہونے کے باوجود گاڑی نہیں روکی

ایف آئی آر درج

اسلام آباد کے تھانہ کوہسار نے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق امریکی سفارتکار نے سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، موٹر سائیکل سوار عتیق بیگ اپنے کزن کے ہمراہ ایف ایٹ سے مارگلہ روڈ کی طرف آرہا تھا کہ دامن کوہ چوک پر سفید رنگ کی گاڑی نے سرخ سگنل توڑتے ہوئے کچل ڈالا۔

حادثے میں عتیق موقع پر جاں بحق اور کزن راحیل شدید زخمی ہوا، گاڑی امریکی سفارتخانے میں تعینات ائیر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف چلارہے تھے اور حادثہ گاڑی ڈرائیور کرنل جوزف کی تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ہفتہ 7 اپریل کو سہ پہر 3 بجے کے قریب امریکی سفارتکار کی گاڑی نے دامن کوہ کے قریب موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماردی تھی اور حادثے کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

سفارتخانے کی گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کردیا گیا تھا جبکہ سفارتی استثنا کے باعث گاڑی چلانے والے سفارتکار کو گرفتار نہیں کیاگیا

دفتر خارجہ کا بیان

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی اسلام آباد میں ہونے والے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں



دوسری جانب امریکی سفارت خانے کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی سہ پہر سفارت خانے خانے کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔

ترجمان امریکی سفارت خانے کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے مقامی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں

’کسی کے ساتھ دشمنی نہیں انصاف ہونا چاہیے‘

امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے والد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا عتیق ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ اس کے ساتھ حادثہ پیش آ گیا۔

عتیق کے والد کا کہنا تھا کہ ہماری کسی کے ساتھ دشمنی نہیں، بس انصاف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یا سفارت خانے والوں میں سے کسی نے رابطہ نہیں کیا لیکن قانونی کارروائی کا فیصلہ برادری سے صلاح مشورے کے بعد کریں گے


Exit mobile version