بشریٰ بی بی کے بیان پر پی ٹی آئی قیادت کو تشویش، عمران خان کا اہلیہ کو سیاست سے دور رہنے کا حکم
بشریٰ بی بی کے بیان پر پی ٹی آئی قیادت کو تشویش، عمران خان کا اہلیہ کو سیاست سے دور رہنے کا حکم
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پی ٹی آئی قیادت کی تشویش پر اہلیہ بشریٰ بی بی کو سیاست سے دور رہنے کا حکم دے دیا۔
پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی اکثریت نے خود کوبشریٰ بی بی کے بیان سے الگ کرنے فیصلہ کرلیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے بیان پرپاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں تشویش ہے اور بشریٰ بی بی کوکسی بھی معاملے سے پہلے پارٹی سے مشاورت کا کہہ دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ 24نومبراحتجاج میں بشریٰ بی بی شامل ہوں گی مگرکردارمرکزی نوعیت کانہیں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی نے مشعال یوسفزئی کے ذریعےبانی پی ٹی آئی کوپیغام پہنچانےکی کوشش کی لیکن مشعال یوسفزئی کو آج اڈیالہ میں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی تشویش پربانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کو سیاست سے دوررہنے کا حکم دے دیا۔
ذرائع نے بتایاکہ پارٹی رہنماؤں کا مؤقف ہے ویڈیو پیغام ایڈیٹ کرکے اپلوڈ ہوا لیکن اتنی بڑی غلطی کیسے نظراندازہوئی؟ ویڈیوایڈیٹ کرنے کے بعد بھی جاری کردہ بیان کی ٹائمنگ درست نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھاکہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے توباجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔
بشریٰ بی بی کے مطابق باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لےکر آئے،کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔