اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے ہمارے ایجنڈے کو دس بیس سال مل جائیں تو ملک کی تصویر بدل سکتی ہے۔
جو کچھ خیبرپختونخوا میں کیا دنیا کو پتا لگ گیا: سابق وزیراعظم
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ ’کل جلسہ لاہورکا، مجمع پشاور کا، ایجنڈا کسی اور کا تھا، یہ ہے عمران خان کی اصولی سیاست اور اس کی منہ بولتی تصویر، ہم ہولو نعرے پچھلے کئی سالوں سے سن رہے ہیں لیکن جب واسطہ پڑا تو پتا چلا، جو کچھ خیبرپختونخوا میں کیا دنیا کو پتا لگ گیا، اس کےمقابلے میں جو مرکز اور پنجاب میں ہوا کوئی مقابلہ نہیں‘۔
انہوں نےکہا کہ ’آج پنجاب دیکھیں، پھر سندھ، کے پی کے اور بلوچستان دیکھیں، لاہور دیکھیں اور دیگر شہر دیکھیں، دور دور تک کوئی مقابلہ اور موازانہ نظر نہیں آتا، فرق صاف ظاہر ہے، (ن) لیگ جب بھی آئی ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پر عمل کیا، آج ملک میں انفرا اسٹرکچر بن رہا ہے، اسلام آباد میں نیا ائیرپورٹ دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے، میں اس کا افتتاح نہیں کرسکا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اس میں ہماری خدمات ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی ہے‘۔
ملک میں کوئی کام نہیں کرنے دیتا، ٹانگیں کھینچتے رہے: نوازشریف
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ایجنڈے کو دس بیس سال مل جائیں تو ملک کی تصویر بدل سکتی ہے، ایک نیا پاکستان بن جاتا لیکن یہاں کام کرنے کون دیتا ہے، ٹانگیں کھینچنے والے کھینچتے رہے، کبھی کوئی صدر، کبھی فوجی ڈکٹیٹر‘۔
نوازشریف نے کہا کہ ’یہ مصنوعی فیصلہ ہورہا ہے، اس پر عملدرآمد ممکن ہی نہیں، جو اس طرح کے فیصلے دے رہے ہیں وہ پچھتائیں گے کیونکہ یہ پاکستان کےمفاد میں نہیں ہے، 70 سالوں میں یہی کچھ ملک میں دیکھا، کسی ہمسایہ ملک میں اس طرح کے مناظر نہیں دیکھے، بنگلا دیش میں بھی یہ مناظر نظر نہیں آتے، ہماری کہانی بہت دکھی افسوسناک ہے، دعا ہے اللہ ہمارا مستقبل اچھا کرے‘۔
مفتاح اسماعیل کے بجٹ پیش کیے جانے سے متعلق سوال پر (ن) لیگ کے قائد نے کہا کہ میں کیا کہہ سکتا ہوں۔
ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سے نااہل کیا: قائد (ن) لیگ
قبل ازیں احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ مجھے اقامے پر ناہل کیا گیا اور ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سےنااہل کیا، مجھے خوشی ہے میرے دل پر کوئی بوجھ نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ بھارت اور چین آپس میں دوستی کر رہے ہیں، افسوس ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔