چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز تبدیل
اسلام آباد: الیکشن سے قبل بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کردیا گیا۔
نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ سطح پر ان تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل نگران وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں اچھی شہرت کےحامل افسران کی تقرریوں پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کےمطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی ) پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی جگہ امجد سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کی منظوری دی گئی ہے، امجد سلیمی اس وقت موٹروے پولیس سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
پنجاب میں عارف نواز کی جگہ کلیم امام کو آئی جی تعینات کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں صلاح الدین محسود کا تبادلہ کرکے محمد طاہر کو نیا آئی جی تعینات کیا گیا ہے جب کہ آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کی جگہ محسن بٹ کو صوبے کا پولیس سربراہ لگایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جودت ایاز کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا چیف کمشنر اور جان محمد کو آئی جی اسلام آباد لگایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کےمطابق پنجاب میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی ذمہ داریاں انجام دینے والے اعظم سلمان چیف سیکریٹری سندھ تعینات کیے گئے ہیں اور وفاقی سیکریٹری اکبردارنی کو پنجاب کا چیف سیکریٹری لگایا گیا ہے۔
نوید کامران بلوچ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ہوں گے جب کہ ڈاکٹر اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے