ن لیگ کے سابق صوبائی وزير چوہدری عبدالغفور نے بھی بغاوت کردی 120

ن لیگ کے سابق صوبائی وزير چوہدری عبدالغفور نے بھی بغاوت کردی

ن لیگ کے سابق صوبائی وزير چوہدری عبدالغفور نے بھی بغاوت کردی

لاہور: ن لیگ کے سابق صوبائی وزير چوہدری عبدالغفور نے بھی پارٹی سے بغاوت کردی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق صوبائی وزیر چوہدری عبد الغفور نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بے نقاب کرنے کااعلان کردیا اور ن لیگ پر ٹکٹیں بیچنے کا بھی الزام عائد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، مودی کے یار کو ان کی پوری برادری اور قوم روکے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما زعیم قادری کے بعد چوہدری عبدالغفور نے پارٹی سے 28 سالہ رفاقت ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بیورو کریسی کا راج ہے اور کنٹرولڈ جمہوریت کے خلاف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا لیکن پارٹی ٹکٹوں کی خرید و فروخت ہوئی اور گونگوں بہروں کو ٹکٹوں سے نوازا گیا۔

سابق صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ مجھے سب پتہ ہے کون سا ٹکٹ کتنے میں بکا اور کس نے گورنر بننے کے لیے کتنے پیسے دیئے، مسلم لیگ (ن) سے پوچھتا ہوں ٹکٹ لینے کا کیا طریقہ ہے؟ کیا ماوری میمن، دانیال عزیز اور طلال چوہدری مشرف دور میں آپ کے ساتھ تھے؟

چوہدری عبد الغفور کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ تب چھوڑںا چاہ رہا تھا جب ماڈل ٹاؤن کا واقعہ ہوا لیکن ایسی قیادت کے ساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا جو ملکی اداروں کے خلاف سازش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شخص پاکستان کی تقدیر سے نہیں کھیل سکتا اور نہ ہی پاکستان کسی شریف خاندان کی ملکیت ہے۔

چوہدری غفور کا کہنا ہے کہ لاہور کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے، جگہ جگہ جاکر لوگوں کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی اصلیت بتاؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کرائے تھے لیکن ٹکٹوں کی تقسیم میں وفادار کارکنوں کو نظر انداز کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں زعیم قادری نے پارٹی صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کا الیکشن میں مقابلہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ زعیم قادری کا حمزہ شہباز کو کہنا تھا کہ تم اپنے بوٹ پالیشیوں کو لاؤ اور الیکشن لڑو، میرا مقابلہ تمہارے ساتھ ہے، میں پنجاب اور پاکستان کے ورکرز کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، بڑھکیں نہیں مارتا آج سے الیکشن اور جنگ دونوں اکٹھی ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں