نواز شریف صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ آج وطن واپس پہنچیں گے 121

نواز شریف صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ آج وطن واپس پہنچیں گے

نواز شریف صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ آج وطن واپس پہنچیں گے

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج وطن واپس پہنچیں گے۔

سابق وزیراعظم کا بذریعہ ابوظہبی شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچنے کا امکان ہے جب کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں لاہور ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لیے 16 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔

نیب حکام کے مطابق دو ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ اور دو ٹیمیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات ہوں گی۔

نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد راول پنڈی لایا جائے گا جہاں سے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی اور احتساب عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے گی۔

دوسری جانب نواز شریف کا کہنا ہے کہ جیل کی کوٹھڑی اپنے سامنے دیکھ کر بھی پاکستان آرہا ہوں ، وہ بھی سن لیں جو دعویٰ کر رہے تھے کہ واپس نہیں آؤں گا اور 25 جولائی کا الیکشن سب سے بڑا ریفرنڈم ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام کر لیا ہے، ایک ہیلی کاپٹر لاہور اور دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑا کیا جائے گا، کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں