نواز شریف کے استقبال کیلئے قافلے روانہ، لاہور میں سیکیورٹی سخت، موبائل سروس معطل 110

نواز شریف کے استقبال کیلئے قافلے روانہ، لاہور میں سیکیورٹی سخت، موبائل سروس معطل

نواز شریف کے استقبال کیلئے قافلے روانہ، لاہور میں سیکیورٹی سخت، موبائل سروس معطل

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کے لیے (ن) لیگی قافلے ایئرپورٹ جانے کے لیے روانہ ہوگئے جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد آج شام لاہور آمد متوقع ہے اور لاہور سمیت دیگر شہروں سے ان کے استقبال کے لیے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں۔

لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت مال روڈ سمیت بیشتر مقامات کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا جب کہ پولیس کی جانب سے (ن) لیگ کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری لاہور ایئر پورٹ پہنچ گئی جب کہ بتی چوک سے رنگ روڈ تک پولیس تعینات ہے اور راوی ٹول پلازہ پر قیدیوں کو لے جانے والی پولیس وین بھی پہنچا دی گئی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر مسلم مسجد لوہاری گیٹ پہنچ گئے جہاں (ن) لیگی کارکنان جمع ہونا شروع ہوگئے۔

کلر کہار کے مقام پر مسلم لیگ (ن) کے قافلے کو روکنے پر کارکنان نے احتجاج کیا اور موٹرو ےبلاک کردیا جب کہ گوجرانوالہ میں خرم دستگیر کے قافلے کو چندہ قلعہ بائے پاس پر روکا گیا تاہم بعدازاں انہیں آگے جانے دیا اور قافلے میں شامل دیگر گاڑیوں کو کامونکی ٹول پلازہ پر روک لیا گیا۔

رہنما (ن) لیگ سردار مہتاب احمد خان کی قیادت میں پشاور سے قافلہ لاہور کے لیے روانہ ہوگیا جہاں ایک مقام پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھ اکہ سزا بھگتنے کے لیے واپس آنے سے نواز شریف سیاسی تاریخ میں نئی روایت ڈال رہے ہیں۔

موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل

نگراں صوبائی حکومت نے سہہ پہر 3 سے رات 11 بجے تک موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد شہر کے مختلف علاقں میں موبائل فون کے ساتھ انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔

ٹریفک پلان تیار

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ ٹریفک پلان پر ریلی سے قبل عمل درآمد کیا جائے گا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زائد وارڈنز فرائض انجام دیں گے۔

سی ٹی او کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو ایئر پورٹ تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس فراہم کی جائے گی اور ایئرپورٹ تک صرف فضائی مسافروں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

شہر میں میٹرو بس سروس بند

میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال کے باعث بس سروس دن بھر بند رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں