نوازشریف کو بی کلاس الاٹ، مریم کو سہالہ کی بجائے اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائیگا 124

نوازشریف کو بی کلاس الاٹ، مریم کو سہالہ کی بجائے اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائیگا

نوازشریف کو بی کلاس الاٹ، مریم کو سہالہ کی بجائے اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائیگا

اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو جیل میں بی کلاس دے دی گئی جب کہ مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل نہیں کیاجارہا اور انہیں اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائےگا۔

ایون فیلڈ ریفرنس کے کیس میں سزا پانے والے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گزشتہ روز وطن واپس پہنچنے پر لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کےمطابق نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں رکھنے سے متعلق پلان میں تین مرتبہ تبدیلی کی گئی جس کے بعد نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس منتقل کر دیا گیا۔

جیل مینول کے مطابق بی کلاس میں ٹیلی ویژن، اخبار اور بیڈ کی سہولت دی جاتی ہے جب کہ اٹیچ باتھ روم، پنکھا اور ایک مشقتی بھی دیا جاتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل میں ہی رکھا گیا تھا اور انہیں سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انہیں خواتین کے سیل میں منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا جس میں میدْیکل ٹیموں نے دونوں کو صحت مند قرار دیا۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد میاں نوازشریف کے خلاف ٹرائل جیل میں ہی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے تھے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں