پنجاب میں حکومت ہم ہی بنائیں گے، رانا ثناء اللہ کا دعویٰ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیاہےکہ 13 نو منتخب آزاد ارکان صوبائی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں اور پنجاب میں حکومت ہم ہی بنائیں گے۔
عام انتخابات کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں رسہ کشی جاری ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کے بعد صوبائی حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا گیا لیکن اب مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے بھی پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے اکثریت حاصل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 13 نو منتخب آزاد ارکان صوبائی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں اور پیپلز پارٹی بھی ہمیں ہی پنجاب میں حکومت سازی کے لیے ووٹ دے گی لہٰذا صوبے میں حکومت ہم ہی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 130 نشستیں ہم جیتے ہوئے ہیں اور حکومت بنانے کے لیے 18 اراکین کی ضرورت ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے 6 اور 13 آزاد ارکان کے ملنے سے ہماری حکومت پنجاب میں بن جاتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کو پنجاب اسمبلی میں مطلوبہ ارکان ملنے کی صورت میں حمزہ شہباز کو قائد ایوان بنائے جانے کا امکان ہے۔