وزیر اعظم عمران خان کا دورہ ایران نہایت اہمیت کا حامل ہے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی
وزیر اعظم کے دورئہ ایران کے اثرات دونوں ممالک کے مابین تعلقات سے کہیں بڑھ کر ہیں۔چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی
اسلام آباد: (رپورٹ:نوید ملک)پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے وزیر اعظم عمران خان کے کے دورئہ ایران کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دے دیا ہے۔تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ان کے ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران تاریخی، مذہبی، سرحدی اور برادرانہ تعلقات میں جڑے ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم کے دورئہ ایران کے اثرات دونوں ممالک کے مابین تعلقات سے کہیں بڑھ کر ہیں۔پاکستان اور ایران اسلامی دنیا کے دو اہم ممالک ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کا دورہ باہمی اعتماد میں اضافے کی راہ ہموار کرے گاجس سے پاکستان اور ایران کے باہمی اشتراک سے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔علاقائی سیاست میں دونوں ممالک کا کردار مرکزی حیثیت کا حامل ہے ۔وزیراعظم کے دورہ ایران سے علاقائی استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ سیف اللہ خان نیازی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا دورہ خطے خصوصاً پاک-ایران سرحدی علاقوں سے دہشت گردی کے خاتمے میں نہایت معاون ثابت ہوگا۔پاکستان اور ایران کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کے بے شمار امکانات ہیں اور اس دورے سے معاشی ترقی کے نئے امکانات و مواقع جنم لیں گے۔۔