اوورسیز میں مقیم پاکستانی معیاری تعلیم سے محروم ہیں،معروف سیاسی و سماجی شخصیت کیپٹن عاصم ملک
دبئی(نیوز رپورٹ) معروف سیاسی و سماجی شخصیت کیپٹن عاصم ملک نے ایک بیان میں کہا کہ اُوورسیز میں مقیم پاکستانی معیاری تعلیم سے محروم ہیں کیونکہ مڈل ایسٹ میں پاکستانیوں کی زیر انتظام چلنے والے تعلیمی ادارے کاروباری مراکز میں تبدیل ہو چکے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کے بعض نام نہاد ہمدرد ان تعلیمی مراکز پر قابض ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور تعلیم ہر شخص کا بنیادی حق ہے یہی حق مڈل ایسٹ میں مقیم پاکستانیوں کا بھی ہے لیکن یہاں اُلٹا چکر چل رہا ہے اور حکومت UAEکی طرف سے پاکستانیوں کو دئیے گئے سکولوں میں تعلیم سے ذیادہ پیسہ کمانے پر توجہ دی جا رہی ہے اوورسیز پاکستانیوں کے لبادہ میں بعض پاکستانیوں نے تعلیم کو تجارت بنا دیا ہے اور ان اداروں میں بھاری فیسوں کے نام پر ہزاروں روپے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ ان تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کا فقدان ہے یہ ادارے غریب اوورسیز پاکستانیوں کا خون چوس رہے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ حکومت پاکستان یا مڈل ایسٹ میں مقیم ان کے نمائندے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں کیپٹن عاصم ملک نے کہا کہ میں پاکستانی تعلیمی اداروں میں اس لوٹ کے خلاف جنگ لڑتا رہوں گا اور انشاءاللہ جیت اوورسیز پاکستانیوں کی ہو گی