اے این پی کا الیکشن کمیشن کی جانب سے فوج کی پولنگ سٹیشن کے اندر تعیناتی پرناراضگی کا اظہار
پشاور (رپورٹ:شاہ باباحبیب عارف) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے فوج کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کا کام صرف امن و امان کے انتظامات کو یقینی بنانا ہے، انتخابی عمل میں فوجی جوانوں کی تعیناتی کھلم کھلا مداخلت ہے، عوامی نیشنل پارٹی ہر اس فیصلے کی مخالفت کرے گی جو شفاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹ بنے گی۔قبائلی اضلاع میں ملکی
و بین الاقوامی مبصرین کو اجازت دی جائیں کہ وہ تمام انتخابی عمل کی نگرانی کریں۔ باچاخان مرکز سے جاری کردہ ایک بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوج کی تعیناتی کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں تاکہ ادارے کی ساکھ مزید متاثر نہ ہو،الیکشن کمیشن وضاحت کریں کہ پولنگ سٹیشنز کے اندر فوج کی موجودگی کی ضرورت کیوں پیش آئی،کیا الیکشن کمیشن کو اپنے بااختیار عملے پر اعتماد نہیں ہے
جو پولنگ سٹیشنز کے اندر فوج کو بھی اجازت دے رہی ہے۔ 25جولائی 2018ء کے انتخابات میں کیا گیا تجربہ ایک بار پھر قبائلی اضلاع کے انتخابات میں دہرایا جارہا ہے جو کسی بھی صورت قبول نہیں کی جائیگی۔فوج کی پولنگ سٹیشنز کی اندر موجودگی سے امن وامان کا مسئلہ پیدا ہوگا کیونکہ اس بار ووٹر بھی اپنے مینڈیٹ کی چوری کا تماشہ نہیں کریگا،انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں کیے گئے تجربے کی وجہ سے سیاسی جماعتیں اور فوج جیسا
ادارہ ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہوگئے تھے۔اے این پی نہیں چاہتی کہ ایک بار پھر عوام اور فوج ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہو،گزشتہ انتخابات پر تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے تحفظات ڈکھے چھپے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کی جانب سے اس حوالے سے خط بھی لکھا جاچکا ہے لیکن افسوس کہ الیکشن کمیشن کا جواب مایوس کن رہا۔ایمل ولی خان نے کہا کہ فوج کی پولنگ سٹیشنز کے اندر تعیناتی انتخابی
عمل میں بھی کھلی مداخلت ہے، قبائلی اضلاع کا انضمام اے این پی کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے جس کے لئے کارکنان و رہنماؤں نے انتھک جدوجہد کی۔ آج اگر قبائلی اضلاع میں عوام کو انتخابی عمل میں براہ راست حصہ لینے کا حق ملا ہے تو اس قسم کے اقدامات انضمام کے فوائد کو نقصان پہنچائے گی، گزشتہ انتخابات کی طرح عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔انہوں نے کہا
الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھائیں اور کھویا ہوا اعتماد بحال کریں،گزشتہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن جیسا ادارہ عوام کے درمیان اپنا مقام کھو چکا ہے۔ ایمل ولی خان نے کارکنان پر بھی زور دیتے ہوئے کہا امیدواران و کارکنان اپنی تیاریاں جاری رکھیں، پولنگ اسٹیشنز کے باہر بڑے بڑے کیمپس لگائے جائیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنے آپ کو تیار رکھیں۔ کسی بھی صورتحال سے متعلق کارکنان و امیدواران باچاخان مرکز سے رابطہ کریں۔