بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنا رہی ہے: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت فوج نے 30 اور 31 جولائی کی رات وادی نیلم میں معصوم شہریوں کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنایا۔
بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 افراد شدید زخمی ہوئے جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز جان بوجھ کر شہری آبادی کو کلسٹر بارود سے نشانہ بنا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کلسٹر بموں کا استعمال کر کے بھارتی فوج جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے تمام بین الاقوامی اقدار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہری آبادی پر ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال بھارت کے مکروہ چہرے اور اخلاقی اقدار کو بے نقاب کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کلسٹر بموں کا استعمال قابل مذمت اور انٹرنیشنل کنونشنز کی خلاف ورزی ہے۔
Use of cluster bombs by Indian Army violating international conventions is condemnable. No weapon can suppress determination of Kashmiris to get their right of self determination. Kashmir runs in blood of every Pakistani. Indigenous freedom struggle of Kashmiris shall succeed,IA.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) August 3, 2019
افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کوئی ہتھیار کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے عزم کو نہیں دبا سکتا، کشمیر ہر پاکستانی کے خون میں گردش کرتا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی انشاء اللہ ہر صورت کامیاب ہوگی۔
خیال رہے کہ رواں سال بھارت لائن آف کنٹرول پر اب تک 1824 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے اور بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 16 افراد شہید اور 105 زخمی ہو چکے ہیں۔