عمران اسماعیل کی عدم موجودگی میں قائم مقام گورنر سندھ کون ہوگا؟
سندھ کا گورنر ہاؤس اور وفاقی حکومت پریشان ہیں کہ عمران اسماعیل دو روز بعد حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جائیں گے تو قائم مقام گورنر کون ہو گا؟
آئین کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی گورنر ہوں گے لیکن وہ تو قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں گرفتار ہو کر سب جیل میں ہیں، تو کیا اب سندھ کا گورنر ہاؤس سب جیل بنے گا؟
گورنر سندھ عمران اسماعیل منگل کی صبح فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوں گے لیکن ان کی روانگی کے بعد قائم مقام گورنرکون ہوگا؟
یہ وہ سوال ہے جس پر گورنر ہاؤس کے حکام نے وفاقی حکومت سے قانونی مشورہ مانگ لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نہیں چاہتی کہ نیب کے ہاتھوں گرفتار سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی سندھ کے قائم مقام گورنر بنیں اس لیے قانونی ماہرین سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔
ذرائع کہتے ہیں کہ اگر آغا سراج درانی 10 دن تک سندھ کے قائم مقام گورنر رہیں گے تو اس صورتحال میں سندھ کے تاریخی گورنر ہاؤس کو سب جیل قرار دینا پڑے گا۔
آئینی ماہر اور سینیئر قانون دان رضا ربانی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اگر گرفتاری کے دوران سراج درانی سندھ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرکے امور انجام دے سکتے ہیں تو قائم مقام گورنر کا عہدہ سنبھالنے میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسپیکر بھی موجود نہ ہوں تو ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر بن سکتے ہیں۔ گورنر ہاؤس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق اس معاملے پر فی الحال آئینی صورتحال سے متعلق وفاقی حکومت کے قانونی ماہرین کی رائے کا انتظار کیا جارہا ہے۔
ریحانہ لغاری سندھ اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر ہیں۔