ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122قصور کا ٹریفک آگاہی کے حوالے سے نیو کاسٹل کالج قصور میں سیمینار
قصور(مقصود انجم کمبوہ بیورو چیف)ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122قصور کا ٹریفک آگاہی کے حوالے سے نیو کاسٹل کالج قصور میں سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد ،طلباءکو ٹریفک قوانین بارے ایجو کیٹ کیا اور ہیلمنٹ کے استعمال بارے آگاہی دی گئی۔ٹریفک ایجو کیشن آفیسر زبیر عزیز
،اسسٹنٹ اصغر علی ، انچارج کمیونٹی انسپکٹر ریسکیو 1122آصف اقبال ، کالج ہذا کے پراجیکٹ ڈائریکٹر فہیم ، وائس پرنسپل سیف الرحمن اور طلباءکی کثیر تعدا د نے شرکت کی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک ایجو کیشن آفیسر زبیر عزیز نے کہا کہ آج کل زیادہ حادثات ون ویلنگ اور اوور
سپیڈ کی وجہ سے ہو رہے ہیں اور بدقسمتی سے ون ویلنگ کرنے اور ہیلمنٹ استعمال نہ کرنے والوں میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جو ٹریفک قوانین سے آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے یہ عمل کرتے ہیں اور جب وہ حادثہ کا شکار ہو جاتے ہیں تو اس سے نہ صرف وہ خود متاثر ہوتے ہیں بلکہ ان کے
لواحقین بھی پوری زندگی اپنے بچے کی غلطی کی سزا بھگتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام اور دوران سفر جان و مال کا تحفظ ٹریفک قوانین کی پابندی کے ساتھ ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے ہی ممکن ہے ۔ دوران ڈرائیونگ ذراسی غلطی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے اس لئے ڈرائیونگ ہمیشہ احتیاط اور ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے کی جائے ۔انچارج کمیونٹی
انسپکٹر آصف اقبال نے کہا کہ ریسکیو 1122عوام الناس کو شاہراﺅں پر ہونے والے کسی بھی حادثہ کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کرتی ہے اور پوری کوشش سے اپنی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔
ٹریفک قوانین سے آگاہی حاصل کر کے اس کی پابندی کرنا ہر روڈ یوزرز پر لازم ہے ۔بعدازاں ٹریفک آگاہی واک کی گئی جس میں طلباء، اساتذہ اور دیگر نے بھرپور شرکت کی