امیر ہو یا غریب ،مسائل کے شکار انسانوں کی مدد کر کے انہیں حل کرنا عین عبادت ہے چوہدری مختار احمد
قصور(مقصود انجم کمبوہ بیوروچیف) چیئر مین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ضلع قصور چوہدری مختار احمد نے کہا ہے کہ امیر ہو یا غریب ،مسائل کے شکار انسانوں کی مدد کر کے انہیں حل کرنا عین عبادت ہے ، سات سمندر پار بسنے والے محب وطن پاکستانیوں کی جائز شکایات کے بروقت ازالے سے نہ صرف اپنے ہم وطنوں کا اعتماد بلکہ انکے دل جیتے جا سکتے ہیں ،
اوورسیز پاکستانی کمیشن محکموں کے روایتی طریقِ کار سے ہٹ کر فوری ، موثر اور ٹو دی پوائنٹ حل پیش کر کے اوور سیز پاکستانیوں کو بالواسطہ اور براہ راست قومی ، معاشی و اقتصادی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے میں بہترین کردار ادا کر سکتاہے ،قصور کمیشن کی زیادہ سے زیادہ کوشش ہونی چاہیے
کہ سمندر پار بسنے والے ہم وطنوں کو وطن عزیز میں درپیش مسائل کو ریونیو ، پولیس اور کورٹ کچہریوں کی بجائے زیادہ تر فورم میں موجود افسران کے ذریعے بلاتاخیر حل کیا جائے ۔ انہوں نے یہ بات آج ڈی سی کمپلیکس کے کمیٹی رومیں منعقدہ اوور سیز پاکستانیز کمیشن قصور کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور عبدالغفار قیصرانی ،
سیکرٹری کمیٹی /اے ڈی سی آر عابد حسین بھٹی ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن زاہد ہما شاہ ، ممبران کمیٹی قیصر ایوب شیخ ، چوہدری جاوید اقبال، ڈسٹرکٹ اٹارنی محمد شاہد ،فوکل پرسن منظور احمد ، اے ایس آئی ارشد محمود کے علاوہ اوور سیز پاکستانی اور انکے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور نے اس موقع پر کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے اغراض و مقاصد اور اسکی اہمیت کے پیش نظر وہ اپنے ہم وطن بھائیوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کو بھرپور اہمیت دیتے ہیں ۔ فوکل پرسن کمیشن قصور کی طرف سے پولیس رپورٹ پر مشتمل کل 9۔ عدد شکایات تھیں
جن کی ڈی پی او قصور نے چیئر مین اور سیکرٹری کمیشن کی موجودگی میں خود سماعت کی اور فورم کو یقین دلایا کہ وہ ماتحت عملہ کی بجائے تمام کیسز سے متعلقہ دونوں پارٹیز کو اپنے دفتر میں بلا کر خود انکی سماعت کرینگے اور اس پر مبنی رپورٹ اگلے اجلاس کے انعقاد سے قبل کمیشن کو ارسال کرینگے ۔
بعدازاںبقیہ 29کیسز کی فائلیں فرداً فرداًزیر بحث آئیں جن پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری کمیشن عابد حسین بھٹی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کمیشن قصور کی کوشش ہو گی کہ قبضہ مافیا ،اشتمال اراضی ،حدود بندی، فراڈ ،لڑائی جھگڑے ،واجب الا ادارقوم کی ادائیگی اور غیر قانونی ہاﺅسنگ سوسائٹی کے قیام اور مکینوں کو تمام تر مکمل ادائیگیوں کے بعد بھی بجلی ،
گیس و پانی جیسی ضروریات کی فراہمی جیسی بنیادی ضروریات جیسے معاملات کو ترجیحی طور پر بلا تاخیر فورم کے ممبر افسران کے ذریعے حل کو یقینی بنایا جائیگا۔ چیئر مین اوور سیز پاکستانیز کمیشن قصور چوہدری مختار احمد نے ارادہ ظاہر کیا کہ وہ دنیا بھر میں بسنے والے تمام اوور سیز پاکستانیز بھائی ،
بہنوں کیلئے اپنے دل میں عزت و آبرومندی کا نہایت گہرا اور سچا جذبہ رکھتے ہیں اور انکی ہمہ وقت کوشش ہو گی کہ کمیشن کے فورم کے ذریعے انہیں درپیش تمام مسائل کے بلا تاخیر حل کے ذریعے نہ صرف اللہ تعالیٰ کو راضی کریں
بلکہ وہ پنجاب بھر میں ضلع قصور کو اوور سیز پاکستانی بھائیوں کو درپیش تمام مسائل کو سب سے پہلے حل کرنے والے سرفہرست ضلع کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں ۔