عوامی تحریک کرپٹ نظام کا حصہ بنے بغیر عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،غلام علی خان
راولپنڈی(سید عمر گردیزی نمائندہ خصوصی )پاکستان عوامی تحریک کے رہنما سیکرٹری اطلاعات شمالی پنجاب غلام علی خان نے کہا ہے کہ،عوامی تحریک واحد جماعت ہے جو موجودہ کرپٹ نظام کا حصہ بنے بغیر عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،کرپٹ نظام کی تبدیلی اور عوامی حقوق کی بحالی اور نچلی سطح تک اختیار کی حقیقی منتقلی عوامی تحریک کا منشور ہے،
انہوںنے کہا کہ ہماری منزل اقتدارنہیں ،بلکہ ہماری منزل انقلاب ہے،جس کے ذریعے عوام کو انصاف،تعلیم،صحت،رہائش اور روزگار مل سکے۔وہ گزشتہ روز عوامی تحریک پی پی 11کے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کررہے تھے،
اس موقع پر ملک طاہر جاوید،ڈاکٹر اعجاز عباسی،سید اسرار شاہ،وسیم خٹک،فیضان عباسی،اقبال قریشی،محمد آصف،اور دیگر بھی موجود تھے،اس موقع پر پی پی 11کی تنظیم سازی کے سلسلے میں وسیع مشاورت کی گئی اور بعداذاںاسرار شاہ کی نگرانی میں آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی
جو تنظیم نو کے لئے رابطے کر کے اگلے ہفتے تک کام مکمل کر لے گی، اس موقع پر غلام علی خان نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے اہل بیت نے کربلا میں جانوں کا نذرانہ دے کر احترام انسانیت کو بقاء اور دین مصطفی ﷺ کی اصل روح کا تحفظ کیا، حضرت امام حسینؓ کی قربانی سے
اسلام کے نظام مشاورت کو دوام ملا، مظلوموں کو قیامت تک ظالموں کے خلاف آواز حق بلند کرنے کے لیے حوصلہ ملا، محکوموں کو اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کا درس ملا، ظلم و جبر پر مبنی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا جذبہ ملا، حضرت امام حسینؓ نے کربلا میں امن پسندی، اعتدال پسندی اور اخلاقی قدروں کو قیامت تک زندہ کر دیا۔