بھارت کو یہ بات پہلے دن سے معلوم ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے میاں خورشید محمود قصوری
قصور(مقصود انجم کمبوہ بیوروچیف)قصور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ میاں خورشید محمود قصوری نے کہا کہ بھارت کو یہ بات پہلے دن سے معلوم ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور وہ یہ بات یو این او میں بھی تسلیم کر چکا ہے اور اب مودی سرکار مقبوضہ و جموں کشمیر کو غاصبانہ طریقے سے ہڑپ کرنے کیلئے جو اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے
یہ ڈرامہ اب زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ دنیا نے اب یہ بات تسلیم کر لی ہے کہ کشمیر متنازعہ مسئلہ ہے اور اگر اسے حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا کا امن ہر وقت خطرے میں رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی سی قصور کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پروگرام میں خطاب کے دوران کیا
۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں اور اس پر جنگ مسلط کی گئی تو پھر اپنے دفاع کیلئے ہم سخت سے سخت قدم اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے۔ پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت ہے اور ہماری ایٹمی صلاحیت بھارت سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے اور جب ہم اپنے دفاع کیلئے لڑیں گے تو بھارت کو اس کی حیثیت معلوم کرا کے چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی دفاعی تجزیہ نگار تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستانی فوج روائتی جنگ لڑنے کی صلاحیت کسی صورت بھارت سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارت کے اندر سنجیدہ حلقے یہ بات کہ رہے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دے دینا چاہئے۔ طاقت کے ذریعے ہم کسی طرح بھی کشمیری عوام کی رائے ذہن نہیں بدل سکتے اور اگر بھارتی سرکار نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھی تو آج روس نے اس مسئلہ پر اس کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔
آہستہ آہستہ باقی باقی ممالک بھی اس کا ساتھ چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اس وقت انسانی حقوق کی جو سنگین خلاف ورزیاں کرتے ہوئے کشمیریوں کی نسل کشی اور معصوم عورتوں کی عصمت دری کر رہی ہے۔ یو این او اور او آئی سی کو اس کا سخت اور فی الفور نوٹس لینا چاہیے
وگرنہ کشمیری عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیاتو وہ اپنی عصمتوں کی حفاظت کیلئے پاکستانی عوام سے مدد کیلئے پکار اٹھے تو پھر 25 کروڑ پاکستانی عوام سروں پر کفن باندھ کر کشمیر کے عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی دلانے کیلئے نکل پڑے گی تو پھر بھارت کو اپنا وجود بچانا شاید مشکل ہو جائے ۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملک کی تمام مذہبی، سیاسی جماعتوں سمیت پوری پاکستانی قوم یکجان ہیں اور دنیا کے کسی بھی ملک کے پاس اتنی بڑی عوامی فوج نہیں جو ملک کے دفاع کیلئے مر مٹنے کے لئے تیار ہے۔