’مولانا نے میرا دل توڑ دیا‘
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے مولانا فضل الرحمان کے وزیراعظم عمران خان سے متعلق بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
نیلم منیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سبز جھنڈے کو تھامے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے بیان سے ناراضگی کا اظہار کیا۔
نیلم منیر نے لکھا کہ’میں تمام مذہبی اسکالرز کی دل کی گہرائی سے عزت کرتی ہوں، اور میں ان کے خطاب اور لیکچرزکو سن کر اپنی زندگی کے روز مرّہ کے مسائل کا حل تلاش کرتی ہوں، آج مولانا صاحب کی وزیراعظم عمران خان کو ان کے گھر سے گرفتار کرنے کی دھمکی نے میرا دل توڑ دیا ہے۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ہمارا ملک آمرانہ نظام اور سول نافرمانی برداشت نہیں کرسکتا، ہم نوجوانوں کو اپنی منزل سنبھالنے کی ضرورت ہے اور اس کا واحد راستہ یہی ہے کہ جو کوئی پاکستان میں انتشار پھیلا رہا ہے اس کی بات کوئی نہ سنے۔‘
نیلم منیر نے مزید کہا کہ ‘ہم نوجوانوں کو ان تمام کے خلاف متحد ہونا پڑے گا، چاہے وہ کوئی بھی ہوں جو ہمارے پیارے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں‘