چوہدری شوگر ملز کیس مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور
چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے مریم نواز کو اپنا پاسپورٹ اور ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز 7 کروڑ روپے نقد جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔
شہباز شریف کا اظہار تشکر
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے مریم نواز کی ضمانت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی ضمانت سے نواز شریف کی تیمارداری کے تقاضے بہترین انداز سے پورے ہو سکیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے، عوام، کارکنان، دوستوں سے اپیل ہے کہ نواز شریف کی صحت کے لیے خصوصی دعا فرمائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی کمی کی تشخیص ازحد ضروری ہے، کارکنان جشن منانے یا مٹھائیاں تقسیم کرنے کے بجائے صرف دعائیں کریں۔
نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے دوران کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کیا تھا جب کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں ان کے کزن یوسف عباس بھی گرفتار ہیں۔
خیال رہے کہ مریم نواز نے 24 اکتوبر کو والد نواز شریف کی تیما داری کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے مریم نواز کی ضمانت کی مخالفت کی تھی جب کہ امجد پرویز ایڈوکیٹ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دینے کی استدعا کی تھی