ٹماٹرکی قیمت 400 روپے فی کلو ہونے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
کراچی، لاہور، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کو پریشان کردیا۔
کراچی میں ایک کلوآلو 40 روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ ایک کلو ٹماٹر 200 روپے سے 320 تک میں فروخت کیا جارہا ہے۔
لاہورمیں آج ٹماٹر 175 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، ڈی سی لاہور دانش افجال کا دعویٰ ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں کل کی نسبت آج 10 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
فیصل آباد میں فی کلوٹماٹر240 روپے اور آلو80 روپےپرفروخت جبکہ ملتان میں فی کلوٹماٹر 250روپے اور آلو 80 روپےمیں فروخت ہورہا ہے۔
پشاورمیں فی کلو ٹماٹر 180 روپےمیں فروخت کیا جارہا ہے، مارکیٹ میں آلو 100 روپے، پیاز 90 روپے فی کلومیں فروخت ہورہی ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں بھی ٹماٹرکی قیمت میں ایک دن میں 40 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔ کوئٹہ میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ پیاز کی فی کلو قیمت 80 روپے پر برقرار ہے، سفید آلو کی قیمت 40 روپے اور سرخ آلو کی قیمت 60 روپے برقرارہے۔
ٹماٹرکی قیمت 400 روپے فی کلو ہونے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
ٹماٹر کی فی کلو قیمت 400 روپے تک پہنچنے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ٹماٹر کی قیمت ایک بار پھر آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے ،غریب اور متوسط طبقہ ٹماٹر خریدنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ٹماٹر کے سرکاری نرخ 185 روپے فی کلو مقرر ہیں لیکن عام مارکیٹ میں ٹماٹر 400 روپےفی کلو میں بیچا جا رہا ہے، لوگ ٹماٹر خریدے بغیر واپس لوٹ جاتے ہیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اورمارکیٹ کمیٹیاں سرکاری ریٹس پر عملدرآمد کرائیں۔
منڈیوں میں فارمرز مارکیٹیں قائم کر دی گئیں
ڈی سی لاہور دانش افضال نے دعویٰ کیاہےکہ ٹماٹرکی قیمت گزشتہ روز کی نسبت10روپے کم ہو کر 175روپے فی کلو پر آ گئی ہے،عوام کو ریلیف دینے کے لیے منڈیوں میں فارمرز مارکیٹیں قائم کر دی گئی ہیں جہاں کسان سبزیاں اور پھل لاکر براہِ راست فروخت کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ڈی سی لاہور دانش افضال نےکہا کہ کسانوں کو فارمرز مارکیٹوں کیلئے بادامی باغ، کاچھا منڈی ، ملتان روڈ منڈی اور سنگھ پورہ منڈی میں جگہ دی گئی ہے، کسانوں سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ کمیشن ایجنٹس سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنی سبزیاں اور پھل یہاں لاکر فروخت کر سکتے ہیں